سعید کا خلا کیسے پُر کریں؟ بورڈ کی فکر مندی بڑھنے لگی
https://newschennal.blogspot.com/2014/09/blog-post.html
لاہور: سعید اجمل کا خلا پُر کرنے کیلیے پی سی بی کی فکرمندی بڑھ گئی، آف اسپنر عاطف مقبول اور مصباح خان کا بازو 15 ڈگری کی حد سے متجاوز پایا گیا۔متبادل کی تلاش کیلیے کوششیں تیز کرتے ہوئے شاہ زیب احمد خان اور جنید الیاس کو بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور طلب کر لیا گیا، ذوالفقار بابر،عبدالرحمان اور رضا حسن کے ساتھ یاسر شاہ کے نام بھی زیر غور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ صورتحال میں سعیداجمل کے مستقبل پر یقینی طور سے کچھ نہیں کہا جاسکتا، بورڈ نے ان کا متبادل تلاش کرنے کی مہم شروع کررکھی ہے،’’سانپ کا ڈسا رسی سے بھی ڈرتا ہے‘‘ کے مصداق کسی بھی
اسپنر کوزیر غور لانے سے قبل ماضی کا ریکارٖڈ اور بازو کے خم کو خاص طور پر دیکھا جارہا ہے
ذرائع نے انکشاف کیا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ممکنہ متبادل آف اسپنرز عاطف مقبول اور مصباح خان کا ٹیسٹ کیا گیا تو دونوں کا بازو آئی سی سی کی جانب سے طے کردہ 15 ڈگری کی حد سے متجاوز پایا گیا،چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کیلیے لاہور لائنزکے ساتھ موجود 33 سال کے عدنان رسول کو کلیئر قرار دیا گیا، دوسری جانب پاکستان انڈر 19 کے سابق لیگ اسپنر شاہ زیب کو بھی این سی اے طلب کیا گیا ہے، 23 سالہ کرکٹر نے 2007 سے اب تک 25 فرسٹ کلاس میچزمیں 61، اے ٹیم کے 16 مقابلوں میں 23 اور 8 ٹوئنٹی20 میچزمیں اتنے ہی شکار کیے ہیں،اسپنر کے ساتھ جنید الیاس بھی بطورامیدوار ٹیسٹ
کیلیے لاہور میں موجود ہی۔
انھوں نے ابھی تک صرف 5 فرسٹ اور 8اے کلاس میچز کھیلتے ہوئے مجموعی طور پر 21 وکٹیں حاصل کی ہیں، دوسری طرف 28 سالہ یاسر شاہ کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت پر سنجیدگی سے غور کیا جا سکتا ہے، صوابی سے تعلق رکھنے والے لیگ اسپنر 2001 سے اب تک 75 فرسٹ کلاس میچز میں 24.78 کی اوسط سے 270 وکٹیں بٹور چکے،وہ کپتان مصباح الحق کی ٹیم سوئی ناردرن گیس کی نمائندگی کرتے ہیں، یاسر اس سے قبل ماضی میں کئی غیر ملکی دوروں میں پاکستان اے ٹیم کے رکن رہے ہیں۔
تھنک ٹینک کیلیے 35 سالہ لیگ اسپنر ذوالفقار بابر کا آپشن بھی موجود ہے جنھوں نے 69 میچوں میں 20.80 کی شاندار اوسط سے 345 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، وہ انٹرنیشنل تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ 22 سالہ رضا حسن ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 2012 میں شرکت سے قبل بھی گرین شرٹس پہن چکے تھے تاہم کمر کی انجری کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے منتظر ہیں۔ عبدالرحمان نے سری لنکا میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 34 سالہ کرکٹر کو کیریئر کے اس موڑ پر ایک بار پھر موقع دینا انتہائی مجبوری میں کیا جانے والا سودا ہوگا۔
